پاکستان کی ساری جمہوری قوتیں عوام کا سوال لیکر آئیں ، الیکشن کمشن کو جواب دینا ہوگا: بلاول
عمرکوٹ (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی ساری جمہوری قوتیں عوام کا سوال لے کر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سامنے کھڑی ہیں، کمیشن کو اس عوام کو جواب دینا پڑے گا۔ بلاول بھٹو نے عمر کوٹ میں ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی کامیابی کی خوشی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ نہ صرف سلیکٹڈ ہے بلکہ سپانسرڈ بھی ہے'۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جوکر کرپشن کا شور کرتا تھا، جگہ جگہ جا کر کرپٹ کرپٹ کا رونا روتا تھا، خود ہی کرپٹ نکلا، پوری کی پوری جماعت کرپٹ نکلی۔ بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آج تک وہ جواب نہیں دے سکے کہ امریکا میں سلائی مشین بیچتے بیچتے عمران خان کی بہن کو وہ مراعات کس طرح ملیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پی ڈی ایم الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کررہی ہے۔ شہید بینظیر بھٹو کو سکیورٹی رسک قرار دیا گیا۔ ہماری حکومتوں کو ختم کردیا گیا اور جنہیں انہوں نے حکومت دلوادی ہے یہ لوگ تو فارن فنڈنگ سے آئے ہیں۔ انہیں بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب عوام کے ووٹوں سے حکومت بنتی ہے تو وہ عوام کے مسائل بھی حل کرتی ہے لیکن جو کسی کے اشارے پر حکومت بناتے ہیں وہ ان کی جانب ہی دیکھتے رہتے ہیں اور عوام کو بھول جاتے ہیں۔ ضمنی انتخاب میں کامیابی پر انہوں نے کہا کہ عوام دشمن، جمہور دشمن، غریب دشمن طاقت کو جواب دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ان 'پیروں' کو جواب دے دیا ہے جو ٹھیکے پر اسٹیبلشمنٹ کے لیے کام کرتے ہیں۔ چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ عوام نے ان سیاسی یتیموں کے ٹولے، جو کل مشرف کے ساتھ کھڑے تھے اور آج عمران خان کے ساٹھ کھڑے ہیں، انہیں دوسری مرتبہ بھگا دیا ہے۔ اب تھر میں بھی قومی اسمبلی کا انتخاب آرہا ہے اور وہاں سے بھی انہیں بھگانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج تک پاکستان کے عوام کو آٹا چوری اور چینی چوری کی کرپشن کا کوئی جواب نہیں ملا۔ ہم انصاف مانگتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کٹھ پتلی کو استعفیٰ دینا پڑے گا ورنہ عمر کوٹ کے عوام اسلام آباد پہنچ کر اس سے استعفیٰ چھین لیں گے۔ عمرکوٹ میں ضمنی انتخاب جیتنے والے کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا غیرجمہوری حکومت کو گھر بھیجنا ہو گا۔ عوام ساتھ ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی۔