کرونا ، مزید 58اموات، 1800نئے کیس ، سندھ حکومت کا ویکسین کیلئے ہنگامی فنڈ قائم کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد (آئی این پی) کرونا وائرس سے مزید 58 افراد جاں بحق ہو نے کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 55 ہوگئی۔ پاکستان میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 23 ہزار 11 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 800 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 513 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 76 ہزار 471 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں 4 ہزار 460، سندھ میں 3 ہزار 813، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 791، اسلام آباد میں 457، بلوچستان میں 190، گلگت بلتستان میں 101 اور آزاد کشمیر میں 243 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ دریں اثنا مہلک وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں2049311ہوگئیں، مصدقہ کیسز9کروڑ60لاکھ8ہزار سے تجاوز کر گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک میں پہلے نمبرپر ہے جہاں ہلاکتیں 408620، کیسز 2کروڑ 46لاکھ 26ہزار ہو گئے۔ بھارت کرونا سے متاثرہ ممالک میں دوسرے نمبرپر ہے جہاں ہلاکتیں 152593ہوگئیں، کیسز 1کروڑ 58لاکھ 12ہزار سے بڑھ گئے۔ برطانیہ میں ہلاکتیں 89ہزار سے متجاوز جبکہ متاثرین کی تعداد 34لاکھ 33ہزار ہو گئی۔ فرانس میں اموات 70686 ہو گئیں، کیسز 29لاکھ 14ہزار سے زائد ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لبنان میں بیکٹیریاز و انفیکشن کے ماہر ڈاکٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں صورتحال مزید ابتر ہو جائے گی کیونکہ ہسپتالوں میں نئے مریضوں کے لیے جگہ موجود نہیں۔ سندھ حکومت نے کرونا ویکسین خریدنے کیلئے ایمرجنسی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ رواں سال ابتدائی طور پر ویکسین خریداری کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ سندھ حکومت کا کرونا ویکسین حاصل کرنے کا مشن، برطانوی ویکسین مینوفیکچرر ایسٹرا زینیکا اور چینی کمپنی سائنو فارم سے رابطہ کرلیا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں مزید 17 مریضوں کی اموات ہو ئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 3830 تک پہنچ گئی ہے اور 11208 نمونے ٹیسٹ کیے جانے پر 778 نئے کیسز سامنے آئے۔ منگل کو وزیراعلی ہائوس سے جاری ایک بیان انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 17 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جن کی ہلاکتوں کی تعداد 3830 ہوگئی جو شرح اموات کا 1.6 فیصد ہے۔مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کی کرونا رپورٹ مثبت آ گئی ہے۔ اس سلسلہ میں شہید بے نظیر لیبارٹری نے رپورٹ جاری کر دی ہے۔ اعجاز جاکھرانی پیر کو احتساب عدالت میں بھی پیش ہوئے تھے۔