گھریلو جھگڑے: گجر پورہ میں 45سالہ شخص، ٹوبہ، باپ بیٹے، پیر محل ،خاتون کی خودکشی
لاہور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پیر محل (نمائندہ خصوصی، نامہ نگاران) گھریلو جھگڑوں پر لاہور گجر پورہ میں 45سالہ شخص، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں باپ بیٹے، پیر محل میں خاتون نے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔گجر پورہ کے علاقہ دھوبی گھاٹ کے ظہیر نے خود کو گولی مارکر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ۔پولیس کاکہناہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ظہیر نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کی ۔ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گھریلو ناچاقی پر نوجوان بیٹے اور بوڑھے باپ نے زہریلی گولیاں کھا لیں، دونوں دم توڑ گئے۔ چک نمبر 330ج ب (سیووال) میں گھریلو لڑائی جھگڑے پر 55سالہ شوکت مسیح اور اسکے بیٹے 32سالہ ندیم مسیح نے زہریلی گولیاں کھا لیں جس کے نتیجہ میں دونوں دم توڑ گئے۔ پیرمحل سے نامہ نگارکے مطابق زہریلی گولیاں کھا کر خاتون نے زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ نواحی گائوں 671/12گ ب کی رہائشی خاتون فرزانہ بی بی نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل کر موت کو گلے لگالیا۔