• news

سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان کا ماحول بہت بہتر ہے: صدر علوی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) کوریا، نیپال، بیلا روس کے ریذیڈنٹ سفیروں آئرلینڈ، کوسوے، مالے اور سیرالیون کے غیر ریزیڈنٹ نامزد سفیروں نے گذشتہ روز صدر کو اپنی اسناد پیش کیں۔ صدر نے سفیروں سے بات چیت کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ پاکستان کیساتھ اپنے اپنے ممالک کے تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے میں کردار ادا کریں۔ صدر نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کیساتھ سرمایہ کاری تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان کا ماحول بہت بہتر ہے۔ پاکستان انگیج افریقہ پالیسی کے تحت افریقی ممالک کیساتھ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ صدر نے سفیروں کو کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔ دریں اثناء گورنر سندھ عمران اسماعیل اور چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ نیازی سے صدر سے ملاقات کی۔ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ صدر کو گورنر سندھ نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں اور سندھ کی سیاسی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ صدر نے کہا کہ شفاف انتخابات سے پاکستان میں جمہوری نظام کو فروغ حاصل ہو گا۔ کراچی کو حکومت کی طرف سے باون جدید فائر انجن دینے کی فیصلہ کی صدر نے تعریف کی۔ صدر نے کہا کہ کراچی میں جمشید اور پاکستان کوارٹرز کو ترقی دینا ضروری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن