یکساں قومی نصاب کی منظوری مل چکی‘ اس پر کام شروع ہے: مراد راس
لاہور (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا لاہور میں معاون خصوصی برائے وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کرونا وائرس کی بدولت ہمارے بچوں کا بہت تعلیمی نقصان ہوا اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے اس نقصان کا ہر ممکن ازالہ کرنے کی بھرپور کاوشیں کی گئیں ہیں۔ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے ایکسیلریٹڈ لرننگ پروگرام کے تحت کم وقت کی بدولت طلبا کی سہولت کے لئے تعلیمی نصاب میں کمی کی گئی۔ ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ گزشتہ سال طلبا کو بغیر امتحانات پروموٹ کیا گیا مگر اس سال ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ طلبا کو چھٹیوں کے دوران دئیے جانے والے کام کے نمبر 50 فیصد ہوں گے اور بقیہ 50 فیصد نمبروں کے لئے امتحانات لئے جائیں گے۔ تعطیلات کے دوران تعلیمی نقصان کو کم سے کم کرنے کے لئے کیبل چینل تعلیم گھر کا متعارف کرایا گیا جس سے لاکھوں طلبا مستفید ہوئے۔ ڈاکٹر مراد راس نے یہ بھی کہا کہ کرونا وائرس کی بدولت سکولوں کی بندش کے پہلے مرحلے میں والدین کو سکول فیس میں 20 فیصد کی رعایت دی گئی۔ کرونا وائرس کی بدولت درپیش حالات کے دوران ہی پنجاب کابینہ کی جانب سے سنگل نیشنل کریکولم کی منظوری دی گئی اور اب اس پر کام جاری ہے۔ نجی سکولوں کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے پہلی بار کوئی سسٹم متعارف کروایا گیا جس کے تحت اب تک ہزاروں نجی سکول آن لائن رجسٹریشن کروا کے لائسنس حاصل کر چکے ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار اساتذہ کی آن لائن ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا اور حال ہی میں چھوٹے بچوں کی ابتدائی تعلیم کے لئے ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن سے متعلقہ کتابیں پنجاب بھر کے پرائمری سکولوں میں بلکل مفت تقسیم کی گئیں۔