ادارے آزاد‘ ریموٹ کنٹرول سے چلانے کا دور گزر گیا: گورنر سرور
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اداروں کو ریموٹ کنٹرول سے چلانے کا دور گزر چکا اب ادارے آزاد ہیں۔ پی ڈی ایم انصاف پر مبنی نہیں مرضی کے فیصلے چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کا احتجاج ان کی سیاسی ضرورت کے سوا کچھ نہیں۔ اداروں پر دباؤ بڑھانے کا اپوزیشن کا منصوبہ ایک بار پھر ناکام ہوگا۔ پنجاب میں کرونا وباء کے دوران میڈیکل یونیورسٹیز نے ٹیلی میڈیسن سنٹرز کے ذریعے عوام کو جو صحت کی سہولت فراہمی کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ وہ منگل کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں جرنل آف پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسر سرفراز ہمایوں، سیکرٹری ہیلتھ کیپٹن (ر) عثمان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسرڈاکٹر جاوید اکرم، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، ڈاکٹر صومیہ اقتدار اور پروفیسر عزیز الرحمن سمیت دیگر بھی شر یک ہوئے۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا اپوزیشن اپنی بقاء کے لیے سیاسی ماحول کو گرم رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پارٹی چٹان جیسی مضبوط ہے، کوئی شک نہیں کہ تحریک انصاف عوام کے اعتماد اور عمران خان کی جدوجہد سے اقتدار میں ہے، حکومت ملک کو آگے جبکہ اپوزیشن پیچھے لیکر جانا چاہتی ہے۔ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے حوالے سے گورنر پنجاب نے کہا کہ اس میں کسی قسم کی سیاسی تفر یق نہیں ہوگی،ہم پنجاب کے تمام حلقوں میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے بھر پور کام کریں گے، منصوبوں کو مزید تیزکر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور معیشت کی مضبوطی کیلئے یونیورسٹیوں کا انڈسٹری کے ساتھ اشتراک کرنا چاہیے۔