• news

ایپکا کا ملک گیرا احتجاج،مال روڈ پر ریلی،10فروری کو اسلام آباد میں تامرگ دھرنے کا اعلان

لاہور‘ گوجرانوالہ‘ بہاولپور‘ ننکانہ صاحب‘ ساہیوال (سپیشل رپورٹر + علاقائی نمائندوں سے) ایپکا پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر باشمول آزاد کشمیر اور اسلام آباد  کی طرح پنجاب میں بھی حاجی محمد ارشاد چوہدری، ظفر علی خاں اور محمد سلطان مجددی کی  مشترکہ کال پر 36 اضلاع میں شدید احتجاج، لاہور میں استنبول چوک مال روڈ پر حاجی محمد ارشاد چوہدری نے ہزاروں ملازمین کی احتجاجی ریلی اور دھرنے سے اپنے خطاب میں مطالبات (تنخواہوں و پنشن میں اضافہ، تفریق کا خاتمہ،  سکیل ریوائیز، وفاقی ملازمین کی اپگریڈیشن صوبوں کے برابر، کلاس فور کو سکیل-5 دینے، ہاؤس رینٹ موجودہ تنخواہ پر دینے، شیخ زید ہسپتال رحیم یار خاں کے 800 ملازمین کو فوری تنخواہ دینے اور ریگولر کرنے کیلئے)  25 جنوری  تک کی ڈیڈ لائن دے دی۔ بصورت دیگر  26 جنوری کو لاہور میں سیکرٹریٹ چوک پر دھرنے کا اعلان  کر دیا گیا۔ قیادت  تینوں تنظیموں کے قائدین کریں گے۔ بہاول پور سے نامہ نگار کے مطابق  آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی کال پر بہاولپور میں بھی سرکاری ملازمین سراپا احتجاج چڑیا گھر سٹیڈیم روڈ پر احتجاجی دھرنا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ 26 جنوری کو ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ صدر پلی سے فرید گیٹ تک مارچ ہوگا۔ 2 فروری سے توشہ خانہ سے ڈپٹی کمشنر چوک تک احتجاجی مظاہرے ہونگے اور 10 فروری کو لاکھوں ملازمین اسلام آباد میں تامرگ احتجاجی دھرنا دیں گے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن کی مرکزی اور صوبائی قیادت کے فیصلہ کے مطابق گزشتہ روز ضلع گوجرانوالہ کے تمام سرکاری محکموں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ تمام دفاتر میں مکمل تالہ بندی کی گئی۔ طاہر محمود بھٹی، میاں عبدالشکور، مقصود حسین، رانا ارشاد احمد، سید افتخار رضا، غلام عباس، کامران خاں و دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ تمام سرکاری ملازمین کو ا پنے مطالبات کے حق میں مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ خصوصی اور نامہ نگار کے مطابق صوبائی قیادت کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق منگل کو ضلع بھر کے تمام دفاتر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی۔ ضلعی صدر ایپکا (ظفر علی خاں گروپ) حاجی محمد اکرم گجر، ضلعی صدر ایپکا (سلطان مجددی گروپ) ڈاکٹر سیدولادت علی شاہ، ضلعی صدر پی ٹی یو محمد منیر انجم سمیت دیگر ایپکا عہدیداران نے صحافیوں کو بتایا ایپکا کی تمام تنظیمیں متحد ہو چکی ہیں، ہر منگل کے روز ضلع بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور دفاتر کی تالہ بندی کرکے قلم چھوڑ ہڑتال کی جائے گی۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ایپکا ساہیوال نے اپنے مطالبات کی حمایت میں قلم چھوڑ ہڑتال کی۔

ای پیپر-دی نیشن