سفیر کی ملاقات‘ سرمایہ کاری اعتبار سے جاپانیوں کیلئے پاکستان محفوظ ترین ملک: رحمن ملک
اسلام آباد (نیو زرپورٹر) پاکستان میں جاپان کے سفیر میتسودا کننوری اور سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین سینٹر رحمان ملک کے درمیان ملاقات ہوئی۔ بدھ کو جاپانی سفیر نے سینیٹر رحمان ملک کو سفارتخانے میں ظہرانے پر مدعو کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ جاپان نے مشکل اوقات میں خاص طور پر 2005 کے زلزلے کے دوران اور کرونا وائرس کیخلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور مدد کی۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا مسلسل تعاون پر پاکستانی عوام جاپانی سفیر، عوام اور حکومت کے شکرگزار ہیں۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ سرمایہ کاری کے حوالے سے جاپانیوں کے لئے پاکستان سب سے زیادہ موزوں ملک ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے اپنی پانچ کتابوں کا ایک مجموعہ بھی جاپانی سفیر کو پیش کیا۔ سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں ثاقب بشیر کو صدر اور احتشام کیانی کو جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ بدھ کو ایک بیان میں سینیٹر رحمان ملک نے کابینہ اور گورننگ باڈی میں منتخب ہونے والے دیگر تمام عہدیداران کو بھی مبارکباد پیش کی۔