سینٹ انتخابات کی شفافیت اوپن بیلٹ سے ہی ممکن ، ترمیم ضرورت بن چکی، سپیکر
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی نے سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے سے متعلق اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ اپنے جواب میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ریفرنس کی حمایت ظاہر کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہو قومی اسمبلی اس کو سپورٹ کریگی۔ سینٹ انتخابات شفاف ہونے سے ہارس ٹریڈنگ ختم ہوگی۔ افسوس ہے کہ ماضی میں ووٹوں کی خرید و فروخت کے الزامات سامنے آئے۔ اوپن بیلٹ سے سینٹ انتخابات کروانے کیلئے آئینی ترمیم ضرورت بن چکی ہے۔ 2016ء میں بھی سینٹ ہول کمیٹی نے سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے کی ترمیم تجویز کی تھی۔ آئین سازی یا آئین میں ترمیم پارلیمنٹ کا کام ہے تاہم آئین کی تشریح کرنا سپریم کورٹ کا استحقاق ہے۔ سینٹ انتخابات کی شفافیت اوپن بیلٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔