ساہیوال کیلئے 18ارب کا پیکج : اپوزیشن سے کوئی مسئلہ نہ خطرہ: عثمان بزدار
لاہور‘ ساہیوال ‘چیچہ وطنی‘ کسووال (نیوز رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگاران) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ہڑپہ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہڑپہ کیلئے 2 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہڑپہ کے بعد چیچہ وطنی بھی گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز کی رہائش گاہ پر معززین علاقہ، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیچہ وطنی کیلئے 2 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا۔ ساڑھے 30 کروڑ روپے کی لاگت سے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی کو اپ گریڈ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہڑپہ میں معززین علاقہ، منتخب نمائندوں اور پارٹی عہدیداروں و کارکنان سے خطاب کے دوران ہڑپہ کیلئے 2 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ ہڑپہ شہر میں واٹر سپلائی اور سیوریج نظام کیلئے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ ریلوے پھاٹک پر اوورہیڈ برج/انڈرپاس کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 2 ہزار دیہات کو ماڈل ویلج بنائیں گے۔ ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کو جلد مکمل کرکے فنکشنل کیا جائے گا۔ ساہیوال میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جائے گا۔ سمندری انٹرچینج سے ساہیوال کیلئے ایکسپریس وے بنایا جائے گا۔ ایکسپریس وے کی تعمیر سے نہ صرف ساہیوال بلکہ دوسرے اضلاع بھی اس سے مستفیدہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دینے کا پروگرام بنایا ہے اور پہلے مرحلے میں ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کو شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان جلد ساہیوال آ کر یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کا افتتاح کریں گے۔ ساہیوال میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ پولیس میں 10 ہزار بھرتیاں کر رہے ہیں، پولیس کو 650 نئی گاڑیاں فراہم کی ہیں۔ اب پولیس عوامی توقعات کے مطابق ڈلیور کرے۔ انہوں نے کہا کہ جو علاقے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے تھے، انہیں آگے لے کر جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن سے ہمیں کوئی مسئلہ ہے نہ کوئی خطرہ۔ اپوزیشن کو ملکی مفادات کے خلاف کوئی کام نہیں کرنا چاہیئے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور میں اپنے کپتان کی قیادت میں پنجاب کو بہتر بنانے کیلئے میدان میں ہیں۔ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کی معاونت سے ساہیوال کیلئے 18 ارب روپے کا پیکج رکھا گیا ہے۔ ساہیوال اور ہڑپہ کے ہر حلقے میں ترقیاتی کام ہوں گے۔ پنجاب میں ترقی کا حقیقی سفر شروع ہو چکا ہے۔ ترقی ہڑپہ سمیت ہر شہری کا حق ہے اور ہم پنجاب کے ہر شہر کو اس کا حق لوٹائیں گے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست مدینہ کی طرح انصاف اور ترقی کا نظام لانا چاہتے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر چوہدری محمد سرور ہڑپہ پہنچے تو انہیں ہڑپہ میوزیم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ ہڑپہ کے قیمتی اور تاریخی نوادرات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ ہڑپہ تہذیب کے تمام نوادرات اور دیگر اشیاء کی نمائش کیلئے نئی گیلری بنائی جائے گی۔ ہڑپہ عجائب گھر کے آڈیٹوریم کو سوا پانچ کروڑ روپے سے مکمل کیا جائے گا۔ ہڑپہ میوزیم آنے والے سیاحوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہڑپہ کی تاریخی حیثیت مسلمہ ہے۔ہم اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت کریں گے۔ ہڑپہ اور حلقہ این اے 148 میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ارب روپے کے لوکل گورنمنٹ فنڈ فراہم کئے جائیں گے۔ گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہڑپہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادو ںپر حل کریں گے۔ وزیراعلیٰ اور گورنر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ہڑپہ میوزیم میں مجموعی طور پر 25 ہزار سے زائد تاریخی نوادرات اور دیگر اشیاء موجود ہیں۔ میوزیم میں 5 ہزار اشیاء نمائش کیلئے رکھی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر چوہدری محمد سرورنے ہڑپہ میوزیم کا دورہ کیا اور میوزیم کے مختلف حصے دیکھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہڑپہ کا دورہ کرنے کے بعد چیچہ وطنی پہنچے جہاں انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا وزٹ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال میں طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ وارڈز کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اور نرسوں سے بھی ان کے مسائل دریافت کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زیر علاج بچی کو اپنا موبائل نمبر دیا اور کہا کہ آپ کو کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو، بلا جھجک مجھ سے رابطہ کریں۔ ڈاکٹروں اور نرسوں کیلئے ہاسٹل بھی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیچہ وطنی میں تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز کی رہائش گاہ پر معززین علاقہ، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیچہ وطنی میں لوکل گورنمنٹ کی سکیموں کو 41 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کریں گے۔ 15کروڑ روپے سے دیہی سڑکوں کی تعمیر و توسیع ہوگی۔ 10کروڑ روپے سے کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے پروگرام بھی مکمل کیے جائیںگے۔ چیچہ وطنی کے بوائز و گرلز کالجز میں بی ایس کلاسوں کے اجراء کا اعلان کیا اور کہا کہ چیچہ وطنی میں یونیورسٹی کی تجویز کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعلیٰ نے 90 موڑ بائی پاس کیلئے سڑک تعمیر کرنے کا اعلان بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال اور چیچہ وطنی کو موٹر وے سے منسلک کیا جائے گا۔ چیچہ وطنی کو موٹرے وے سے لیہ اور پھر انڈس ہائی وے سے تونسہ تک ملانے کا بھی پلان ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ساہیوال اور چیچہ وطنی کے لوگوں کے ساتھ محبت کا رشتہ ہے اور ہمارا یہ رشتہ ہر آنے والے روز مضبوط سے مضبوط تر ہوگا۔اٹک سے رحیم یار خان تک ایک ایک ضلع عزیز ہے۔36 اضلاع کیلئے ڈویلپمنٹ پلان تیار کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پورے پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کا پروگرام لائیں گے۔ یونیورسل ہیلتھ کوریج کا آغاز پہلے مرحلے میں ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان سے کر رہے ہیں۔ پنجاب کا ہر شہری پینل پر موجود نجی و سرکاری ہسپتال میں مفت علاج کرا سکے گا۔ وزیراعظم عمران خان جلد ساہیوال کا دورہ کریں گے اور ساہیوال کیلئے بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے۔ ساہیوال کیلئے 18 ارب روپے کی لاگت کا ایک جامع ترقیاتی پلان لا رہے ہیں۔ چیچہ وطنی 11 لاکھ آبادی کا شہر ہے لیکن تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اس آبادی کیلئے ناکافی ہے۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن کی جائے گی۔ رائے حسن نواز اور سید صمصام بخاری آپ کے اچھے وکیل ہیں اور یہ کیس ہارتے نہیں۔آپ کے جائزہ مطالبات مان لئے ہیں۔آپ لوگ ہمیشہ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اڑھائی برس میں ہماری حکومت کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ہمیشہ ایمانداری اور دیانتداری سے کام کیا ہے۔محروم اور پسماندہ علاقوں میں پہلی دفعہ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ایم این اے رائے مرتضیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے چیچہ وطنی سمیت پورے پنجاب کے عوام کی توقعات وابستہ ہیں۔ قیمت بڑھانے پر کسان خوش ہیں۔ صوبائی وزیر صمصام بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں نظر انداز علاقوں کی ترقی پی ٹی آئی حکومت کا اعزاز ہے۔ رائے حسن نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیچہ وطنی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا اپنا گھر ہے۔ عثمان بزدار کی حکومت کی شفافیت قابل تحسین ہے، کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہڑپہ سے چیچہ وطنی جاتے ہوئے لوگوں کو دیکھ کر پرانی چیچہ وطنی ہڑپہ روڈ پر اپنی گاڑی اچانک روک لی۔ وزیراعلیٰ گاڑی سے اتر کر لوگو ںکے پاس گئے اور ان کے مسائل سنے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے مسائل کے حل کیلئے ہی آیا ہوں اور انشاء اللہ آپ کا ہر مسئلہ حل کروں گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ لوگوں نے سیلفیاں بھی بنائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شاہین 3 میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل آباد کے علاقے چک جھمرہ میں 13 سالہ بچی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ لسبیلہ کے قریب ٹریفک حادثے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔