• news

پاکستان نے 2750کلومیٹر تک مار کرنیوالے شاہینIIIبیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے گزشتہ روز زمین سے زمین پر  مار کرنے والے  بیسلٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو  2750کلومیٹر کے طویل فاصلے تک اپنے وار ہیڈ سے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ  اس تجربہ کا مقصد ہتھیاروں کے اس نظام کے ڈیزائن اور بعض دیگر معیارات کو  پھر جانچنا تھا۔ اس کامیاب تجربہ  کے دوران  میزائل نے بحیرہ عرب میں ہدف کو نشانہ بنایا۔ چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژن، کمانڈر آرمی سٹرٹیجک فورس  کمانڈ، چئیرمین نیسکام، سائنسدانوں اور انجینئرز نے  یہ تجربہ ملاحظہ کیا۔ صدر مملکت، وزیر اعظم، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس کامیاب تجربہ پر سائنسدانون اور انجینئرز کو مبارک باد پیش کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان خطہ میں پر امن بقائے باہمی کا خواہاں ہے اور اس کی سٹرٹیجک صلاحیت ملک کی سالمیت  کے خلاف کسی  بھی  جارحیت  کے  خطرہ  سے دفاع کرنے کیلئے ہے۔ انہوں نے اس میزائل تجربہ کو دلجمعی سے کامیاب  بنانے میں کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں اور انجینئرز کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔

ای پیپر-دی نیشن