• news

کرونا : مزید 48جاں بحق، تمام شہریوں کیلئے ویکسین فراہمی آسان نہیں : ڈاکٹر فیصل

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ +نوائے وقت رپورٹ)  پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید ایک ہزار 772 کیسز سامنے آئے جبکہ 48 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، اموات کی تعداد 11 ہزار 103 تک پہنچ گئی، مزید 2 ہزار 46 لوگ  شفایاب ہوگئے۔ متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 24 ہزار 783 ہوگئی، 91.2 کی شرح سے 4 لاکھ 78 ہزار 517 مریض صحتیاب ہوچکے، فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار 163 رہ گئی۔ صوبہ سندھ میں مزید 778 کیسز،17 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 830 تک پہنچ گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں 573 نئے کیسز، 16 مریض لقمہ اجل بنے، مجموعی تعداد 4 ہزار 476 ہوگئی۔ صوبہ خیبرپی کے میں مزید 253 افراد متاثر، مریضوں کا انتقال، تعداد ایک ہزار 799 پر جا پہنچی۔  بلوچستان میں 18 کیسز، مزید ایک فردجاں بحق، مجموعی تعداد 191 تک جا پہنچی۔ اسلام آباد میں  مزید 127 کیسز، 3 مریض جاں بحق، تعداد 460 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر میں  مزید 18 جاں بحق، 2 مریضوں کا انتقال، اموات 245 تک پہنچ گئی۔ گلگت بلتستان میں 5 نئے کیس،  25 روز بعد ایک فرد کی موت، مجموعی تعداد 102 ہوگئی۔  وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ڈریپ نے دو ویکسین کی منظوری دے دی لیکن ملک کی تمام آبادی کے لیے ویکسین کی فراہمی آسان نہیں ہوگی۔ ابتدائی طور پر کرونا ویکسین کی 2 کروڑ خوراکیں حاصل کی جائیں گی۔ سائنو فارم کی افادیت 80 فیصد ریکارڈ کی گئی۔  ویکسین بچوں کو نہیں صرف بالغ افراد کو لگے گی۔ ویکسین مفت ہوگی۔  مارچ تک ویکسین کے 10 لاکھ ڈوز فراہمی کے قابل ہوجائیں گے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ایمرجسنی کرونا وارڈ میں چوبیس گھنٹوں کے دوران چار مریض جاں بحق جن میں چک 100۔سکس آر کا 80 نذیر احمد، مسئو کالونی کا 52 سالہ عبدالکریم، کچی آبادی کی 52 سالہ نسرین اور شادمان کالونی کی 57 سالہ شاہدہ پروین شامل ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث سندھ کے بعد پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 9 کروڑ 61 لاکھ44 ہزار 818ہو گئی ہے۔ امریکہ 2 کروڑ 42 لاکھ 47 ہزار6 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بھارت 1 کروڑ 5 لاکھ 81 ہزار 823 مصدقہ کیسز اور چین میں مصدقہ کیسز کی تعداد 99 ہزار191 ہے۔

ای پیپر-دی نیشن