• news

 سہولیات میں کمی قبول نہیں: شیخ رشید‘ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد فارغ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا  اثاثہ ہیں ان کو دی جانے والی سہولیات میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو  اسلام آباد ائرپورٹ کے دورہ  کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے  ائر پورٹ پر مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ  لیا۔  وزیر داخلہ نے  اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کا بہترین طریقے سے خیال رکھنے کے لیے ایف آئی اے، امیگریشن، اے ایس ایف اور محکمہ کسٹمز کو خصوصی ہدایات جاری کی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ 191ممالک کے لئے آن لائن ویزہ جاری کیا گیا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ  پاسپورٹ دو مہینے تک لوگوں  کو ملے گا اس سے پاکستان کا امیج بہتر ہوگا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مزدوروں کے لیے پاسپورٹ کی مدت دس سال کر دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ دورے کے دوران امیگریشن عملے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد ڈاکٹر معین مسعود کو عہدے سے ہٹا دیا۔ وزارت داخلہ نے ڈاکٹر معین مسعود کی خدمات اسٹیبلشمنٹ کو واپس کرنے کا نوٹیفکیشن جاری۔ شیخ رشید احمد سے آسٹریلیا کے پاکستان میں ہائی کمشنر جیفری شا (Geoffrey Show)  نے ملاقات کی۔ بدھ کو ہونے والی اس  ملاقات میں  پاکستان آسٹریلیا دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بارڈر مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت بڑھانے پر بھی  بات چیت ہوئی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان نے وزارت داخلہ میں بارڈر مینیجمنٹ ونگ قائم کردیا ہے انسانی سمگلنگ اور مصنوعات کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کے حوالے سے جامع اقدامات کررہے ہیں۔ دریں اثناء ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جلسوں اور ریلیوں کے ذریعے منتخب حکومت کو نہیں گرایا جا سکتا، اپوزیشن کو توہین آمیز زبان استعمال کر کے عوام کو گمراہ نہیں کرنا چاہیے، اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا شو بالکل فلاپ رہا، پی ڈی ایم والے عوام کو اپنی جانب راغب کرنے میں بری طرح ناکام رہے، پی ڈی ایم اور اس کی قیادت کو اپنی تقاریر میں توہین آمیز زبان سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس سے ملک میں انتشار پھیل سکتا ہے، اپوزیشن جماعتیں اپنے مفادات کے حصول کے لئے کسی حکمت عملی، پالیسی یا ایجنڈے کے بغیر صرف اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہی ہیں۔شیخ رشید دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ وہ پاکستان رینجرز سندھ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن