رواں مالی سال ابتدائی 6ماہ میں ذاتی محصولات میں 9فیصد اضافہ ہوا:وزیرخزانہ
لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے اپنے ذاتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پراپرٹی ٹیکس کی ڈیمانڈ میں 2ارب 20کروڑ روپے کا اضافہ یقینی بنایا۔رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ میں صوبے کے ذاتی محصولات میں 9فیصد اضافہ ہوا۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے بجٹ 2020-21میں تخمینہ شدہ محصولات کا 60فیصد، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے53فیصد اور بورڈ آف ریونیو نے 48فیصد اکٹھا کیا۔ پی آر اے اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں وصولیوں کی شرح نمو مثبت جبکہ بورڈ آف ریونیو میں منفی رہی۔ کرونا کے باعث معاشی سرگرمیوں میں کمی نے وصولیوں کی شرح کو متاثر کیا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارنے وزراتی کابینہ کمیٹی برائے ریسورس موبلائزیشن کے چوتھے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں صوبائی وزیر برائے محصولات ملک انور، سیکر ٹری خزانہ، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ممبر بی او آر، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب اربن یونٹ،چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی اور ٹیکس ڈیپارٹمنٹس کے متعلقہ افسر شامل تھے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نمبر پلیٹس کے اجراء اورپنجاب میں چلنے والی گاڑیوں کی پنجاب میں رجسٹریشن کو یقینی بنائے۔