• news

احتجاج سے دباؤ میں آئیں گے نہ مظاہروں کی سنچری سے حکومت جائیگی: گورنر

ساہیوال،لاہور(نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کر پشن کے سوا ہر ایشو پر حکومت سیاسی مخالفین سے بات چیت کر سکتی ہے۔ پی ڈی ایم احتجاجی مظاہروں کی سنچری بھی مکمل کر لے تو حکومت جانے والی نہیں۔ اگر مخالفین سمجھتے ہیں کہ احتجاج سے حکومت ان کے دباؤ میں آئے گی تو یہ کبھی نہیں ہوگا۔ وہ گورنر ہاؤس لاہور میں تحریک انصاف کے ایم این اے طاہر اقبال چوہدری کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے بعد گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پی ڈی ایم کی احتجاج کی ضد کسی صورت ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ان کو چاہیے کہ احتجاج اور لانگ مارچ کی سیاست کی بجائے حکومت کے عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کریں اور آئندہ عام انتخابات میں عوامی فیصلے کا انتظار کر ے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم ملک کی یکساں ترقی اور امیر غریب کا فرق ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ ہڑپہ ہماری تہذیب  کا امین ہے جسے سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دیکر دنیا بھر میں پاکستان کا فاسٹ امیج اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات ہڑپہ میں معززین علاقہ کے ایک نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار، صوبائی وزیر وائلڈ لائف سید صمصام علی بخاری اور مشیر وزیراعلیٰ پنجاب آصف محمود بھی موجود تھے۔ گورنر نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ہڑپہ شہر اور سٹیشن میں سیوریج سسٹم کی بہتری، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ریلوے لائن انڈر پاس تعمیر کیلئے 50 کروڑ اور کمیر، ہڑپہ اور محمد پور کے دیہات کی ترقی کے لئے ایک ارب روپے کا بھی مطالبہ کیا۔ چودھری سرور نے کہا ریاست مدینہ کی طرح انصاف، ترقی کا نظام لانا چاہتے ہیں، اپوزیشن جو مرضی کرتی رہے ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن