فیروز والا: حملہ آور کتے کو مارنے پر دھاوا‘ ماں قتل‘ 3 بیٹے زخمی
فیروزوالہ +شیخوپورہ (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) حملہ آور کتے کو مارنے پر زمیندار کے گھر دھاوا‘ بہیمانہ تشدد سے ماں قتل‘ 3 بیٹے زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ چوہے والی کے رہائشی زمیندار محمد عارف کے دو بیٹے یاسر محمود اور ناصر محمود بیل گاڑی پر سوار جا رہے تھے راستے میںسفارش علی وغیرہ کا کتا انہیں کاٹنے لگا جس پر یاسر نے ڈنڈے کے وار کرکے اسے مارا۔ سفارش علی اور اس کے ساتھیوں نے مشتعل ہو کر زمیندار عارف کے گھر داخل ہو کر حملہ کر دیا۔ جس کے نتیجہ میں زمیندار کی بیوی غفوراں بی بی اور اس کے تین بیٹے یاسر محمود اور ناصر محمود اور آصف محمود زخمی ہو گئے ملزموں نے غفوراں بی بی کو بازوئوں سے پکڑ کر دیوار کے ساتھ ضربیں لگائیں جس سے وہ موقع پر ہلاک ہو گئی۔ فیکٹری ایریا پولیس نے مقتولہ کی نعش قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال بھجوا دی۔ فیکٹری ایریا پولیس نے سفارش علی، غلام مصطفی اور اختر علی وغیرہ کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔