سینٹ کی کمیٹی کا اجلاس، حقوق بلوچستان پر عملدرآمد ودیگر مسائل کا جائزہ لیا گیا
اسلام آباد (نامہ نگار)سفارشات پر عملدرآمد کیلئے بنائی گئی سینٹ کی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے کنونیئر سینیٹر دلاور خان کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آغا ز حقوق بلوچستان پر عملدرآمد، سینیٹر ہدایت اللہ کی جانب سے ڈاکٹر لال رحمن کی فاٹا کے ڈومیسائل پر تقرری اور پی ٹی ڈی سی کی گڈانی فش ہاربر میں 172ایکڑ رقبے کی ایک نجی کمپنی کو فروخت کے مسائل کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔کمیٹی کے کنونیئر سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ تمام ادارے پارلیمان کو جوابدہ ہیں اور حکام پارلیمانی کمیٹیوں کے سفارشات اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تا کہ عوام کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ سینیٹر دلاور خان اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے آغا حقوق بلوچستان کے تحت ملازمتوں کے مختص پیکج کو بلوچستان کے 6فیصد کے آئینی کوٹے کے ساتھ یکجا کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔