لسبیلہ میں مسافر بس الٹ گئی،2لیویز اہلکاروں سمیت8افراد جاں بحق،22زخمی
کوئٹہ (اے پی پی+ آئی این پی)حب کے علاقے لسبیلہ میں کوچ الٹنے سے 8 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ صوبہ بلوچستان کے ضلع حب میں نمی چیک پوسٹ کے قریب تیز رفتار ی کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا، حادثے میں2 لیویز اہلکاروں سمیت8 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ بدقسمت مسافر کوچ پنجگور سے کراچی جارہی تھی۔ ریسکیو ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کرجاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے لسبیلہ ہسپتال منتقل کردیا ہے۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دیں۔مرنے والوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں کو لیویز اہلکاروں نے لسبیلہ ہسپتال منتقل کیا۔