مراد علی شاہ کیخلاف ریفرنس میں نیب کو وعدہ معاف گواہ ٹھیکیدار مل گیا
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ کیخلاف ریفرنس میں نیب کو وعدہ معاف گواہ مل گیا ہے۔ نیب کی تفتیش میں ٹھیکیدار امجد حسین نے اہم معلومات دی ہے۔ نیب نے مرادعلی شاہ کیخلاف مجموعی طور پر125 گواہان تیار کرلئے ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق پرائیویٹ کنٹریکٹر امجد حسین وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔ انہوں نے نیب کو بتایا ہے کہ ٹیکنومین کائناٹکس نامی کمپنی کو بولی کے عمل میں ہیرا پھیری سے نوازا جاتا رہا۔ بولی کا عمل مکمل کرنے والی کمیٹی کے رکن اور ممبر نیپرا محمود الحسن جانتے تھے کہ مراد علی شاہ سب کچھ کنٹرول کر رہے ہیں۔ نیب ریفرنس کے مطابق وعدہ معاف گواہ سمیت کل 125گواہان عدالت میں پیش ہوں گے۔ نیب کی جانب سے ٹیکنو مین کائناٹکس نامی کمپنی کو مراد علی شاہ کی منظور نظر بتایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نیب ریفرنس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کیخلاف سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں اورکرپشن کی 12میں سے 5شقوں کے تحت مراد علی شاہ کو مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔ ریفرنس میں سابق سیکرٹری توانائی آغا واصف بھی شریک ملزم نامزدکئے گئے ہیں۔