باجوڑ میں فورسز کا آپریشن‘ کالعدم ٹی ٹی پی کے 2 دہشتگرد ہلاک
باجوڑ، اسلام آباد (صباح نیوز+ شہنوا) باجوڑ کے علاقے اتمان خیل میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 2دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاعات پر باجوڑ کے علاقے اتمان خیل میں قذاقی کے مقام پر ہلاک کیے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔ کارروائی بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کی گئی۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی باجوڑ میں خفیہ آمد اور دہشت گردی کی کارروائی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ جس کے بعد یہ آپریشن شروع کیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے جدید ہتھیار، بڑی مقدار میں بارودی مواد، آئی ای ڈیز اور مواصلات کیلئے وائرلیس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ باجوڑ اور گرد و نواح کے علاقوں میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن تیز کردیا گیا۔ ادھر بلوچستان کے علاقے سبی میں دیسی ساختہ مواد کے دھماکے میں 4 ایف سی اہلکاروں کی شہادت، 5 کے زخمی ہونے کے واقعہ کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کر لی۔