فیصل آباد: فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت، اے ایس آئی سمیت4 پولیس اہلکار گرفتار
لاہور (نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) فیصل آباد میں ناکے پر نہ رکنے والی گاڑی پر فائرنگ اور نوجوان کی ہلاکت پر پٹرولنگ پولیس کے اے ایس آئی شاہد سمیت 4 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے آر کے مطابق وقاص کی نعش کی بے حرمتی بھی کی گئی۔ پولیس ترجمان کیا مطابق پٹرولنگ پولیس کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ ڈجکوٹ کے علاقے میں پیش آیا جہاں ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں نے ایک گاڑی کو مشکوک خیال کرتے ہوئے روکنے کی کوشش کی۔ کارسواروں نے رکنے کے بجائے گاڑی بھگا دی جس پر اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک کار سوار جاں بحق جب کہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں 4 اہلکاروں کے خلاف تھانہ ڈجکوٹ میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے متوفی وقاص احمد پر فائرنگ کی، وقاص احمد کی کارکا ٹائر اے ایس آئی شاہد کے پاؤں پر چڑھ گیا تھا جس پر اہلکاروں نے مشتعل ہوکر بندوقیں تان لیں جب کہ وقاص نے خوفزدہ ہوکرکار دوڑا دی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق اہلکاروں نے پیچھاکرکے کار روکی اور وقاص کو نکال کرگولی ماردی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دلی افسوس کا اظہار کیا اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عثمان بزدار نے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔