• news

رواں ہفتے آلو ، لہسن سستے، گھی ، دالیں ، گوشت سمیت 19اشیائے ضروریہ مہنگی: ادارہ شماریات

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیئے جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.32 فیصد اضافہ ہوا۔ مہنگائی میں اضافہ کھانے پینے کی اشیائ‘ پٹرول‘ ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ گھی‘ کوکنگ آئل‘ پیاز‘ دالوں‘ بیف اور مٹن سمیت 19 اشیاء کی قیمتیں بڑھیں۔ ایک ہفتے کے دوران گھی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 34 پیسے‘ چکن کی فی کلو قیمت میں 8 روپے 44 پیسے اضافہ ہوا۔ چکن کی فی کلو اوسط قیمت 180 روپے 52 پیسے‘ دال مونگ فی کلو چار روپے اضافے کے ساتھ 233 روپے 59 پیسے ہو گئی۔ دال چنا فی کلو قیمت ایک روپے 28 پیسے اضافے کے ساتھ 141 روپے 55 پیسے ہو گئی۔ دال مسور‘ دال ماش کی قیمت میں بھی ایک ہفتے کے دوران اضافہ ہوا۔ گڑ‘ سرسوں کا تیل‘ ماچس‘ واشنگ سوپ کی قیمت بھی بڑھی۔ ایک ہفتے کے دوران آلو‘ لہسن کی قیمت میں کمی آئی۔ 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ چاول‘ تازہ دودھ‘ چائے سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی استحکام رہا۔

ای پیپر-دی نیشن