مولانا فضل الرحمن انکوائری کیس: 28 جنوری کو داماد نیب طلب
پشاور +اسلام آباد(بیورو رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور دیگر افراد کی مبینہ کرپشن اور اثاثوں کی انکوائری کے کیس میں مولانا فضل الرحمن کے داماد کو طلب کر لیا۔ اس سے قبل انکے بھائی اور انکے قریبی دوستوںکو بھی نیب نے طلب کیا تھا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے نوٹس جاری کیا ہے جس کے مطابق مولانا فضل الرحمن کے داماد فیاض علی کو 28 جنوری کو طلب کیا گیا ہے۔ نیب کی جانب سے فیاض علی کو ذرائع آمدن اور اثاثوں کی تفصیلات سمیت نیب آفس میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیب خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فیاض علی نیب دفتر میں پیش ہو کر اپنا بیان قلم بند کرائیں۔ فیاض علی جے یو آئی ف کے سابق سینیٹر حاجی غلام علی کے صاحبزادے ہیں۔ جے یو آئی ف کے سابق سینیٹر حاجی غلام علی نے اس حوالے سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک ہمیں نیب کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں ملا ہے۔مولانا فضل الرحمن کو جے یو آئی کا نام استعمال کرنے سے روکنے کیلئے درخواست دائرکر دی گئی۔ مولانا شجاع الملک نے الیکشن کمشن میں درخواست دائرکی۔ درخواست میں کہا ہے کہ فضل الرحمن کی جماعت جے یو آئی (ف) کے نام سے رجسٹر تھی۔ جے یو آئی کو الیکشن کمشن نے الگ انتخابی نشان الاٹ کیا تھا۔ مؤقف سے بغیر جے یو آئی کا نام استعمال کرنے دیا گیا۔ الیکشن کمشن نیاپنے فیصلے میں قانونی نقاط مدمظر نہیں رکھے۔