• news

کرونا: مزید 55اموات ، روس سمیت 2نئی کمپنیوں کا ویکسین رجسٹریشن کیلئے رابطہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) پاکستان سے ویکسین رجسٹرڈ کرنے کے لئے مزید دو کمپنیوں نے رابطہ کر لیا۔ ملک میں مزید ایک ہزار 745 کیسز رپورٹ جبکہ 55   افراد زندگی کی بازی ہارگئے۔ مجموعی اموات 11 ہزار 212 ہو گئیں۔ مزید 2 ہزار 75 مریض شفایاب ہوئے۔ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 28 ہزار 891 ہوچکی،  91.8 فیصد شرح سے 4 لاکھ 82 ہزار 771 مریض صحتیاب ہوئے۔ ملک میں 34 ہزار 916 فعال کیسز ہیں۔ صوبہ سندھ میں مزید 748 کیسز، 20  مریضوں کا انتقال، مجموعی تعداد 3 ہزار 875 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں 555 نئے کیسز، مزید 22 مریض لقمہ اجل بنے، اموات 4 ہزار 523 ہوگئیں۔ صوبہ خیبرپی کے میں مزید 278 افراد متاثر، 12 مریضوں کا انتقال، تعداد ایک ہزار 823 پر جا پہنچی۔ صوبہ بلوچستان میں 26 کیسز رپورٹ، اموات 192 پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں مزید 118 کیسز، ایک مریض کا انتقال مجموعی تعداد 461 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں مزید 47 افراد متاثر، انتقال کرنے والوں کی تعداد 248 ہے۔گلگت بلتستان میں 5 نئے کیسز، مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار۔  پاکستان میں 2 مزید کمپنیوں نے ویکسین کے تیسرے مرحلے کے کلینکل ٹرائل اور رجسٹریشن کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) سے رابطہ کیا ہے۔ روس کی سرکاری کمپنی سپٹنک 5 نے اپنی ویکسین کے پاکستان میں ہنگامی استعمال کی اجازت لینے کے لیے درخواست جمع کروائی ہے۔ یہ 2 خوراکوں پر مشتمل ویکسین ہے اور سرنج کے ذریعے لگائی جائے گی۔ اس کے علاوہ چینی کمپنی انہوئی زیفی لونگ کوم بائیوفارماسوٹیکل کمپنی لمیٹڈ نے پاکستان میں اپنی ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل کے لیے اجازت طلب کی ہے۔ برطانوی کمپنی آکسفورڈ-آسٹرازینیکا اور 2 چینی کمپنیوں سائنو فارم اورکین سائنو کے بائیولوجکس  کی ویکسین ڈریپ کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔ امریکہ میں مسلسل دوسرے دن بھی 4  ہزار سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 کروڑ 80  لاکھ 92  ہزار 757  تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 21  لاکھ 452 ہوگئیں۔ کرونا وائرس کے دنیا بھر میں 2 کروڑ 55 لاکھ 5 ہزار 791  مریض ہسپتالوں‘ قرنطینہ  مراکز میں زیر علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں‘ جن میں سے 1 لاکھ 11  ہزار 346  کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 6 کروڑ 4 لاکھ 86  ہزار 514 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔  جرمن چانسلر  انجیلا مرکل نے کرونا کی وبا سے نمٹنے کے لئے جرمنی میں حفاظتی اقدامات سخت کرنے اور پابندیوں کی مدت مزید دو ہفتے بڑھانے کا دفاع کیا ہے۔ جرمنی میں اموات 50  ہزار سے تجاوز کرگئیں۔ بھارت 20  لاکھ ویکسین  برازیل کو دے گا۔

ای پیپر-دی نیشن