ہندو انتہا پسندوں کا کانپور درگاہ پر دھاوا توڑ پھوڑ، دیواروں پر ’’جے شری رام ‘‘کے نعرے لکھ دیئے
کانپور(این این آئی)بھارت کے شہر کانپور کے علاقے بیتھور میں ہندو انتہا پسند جماعتوں وشیوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے شرپسندوںنے ایک درگاہ پرتوڑ پھوڑ کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شرپسندوں جنہوںنے بی جے پی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے توڑ پھوڑ کے بعد درگاہ کو زعفرانی رنگ سے رنگ دیا۔اطلاعات کے مطابق مقامی افرا د نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ہندو انتہا پسند جماعتوں کے یہ شرپسند تین دن سے مزار کے علاقے میں آرہے تھے اور علاقے میں فساد پھیلارہے تھے۔انہوںنے مزید بتایا کہ ہندو شرپسندوںنے درگاہ میں توڑ پھوڑ کی اور دیواروں پر ’’جے شری رام ‘‘کے نعرے لکھے ، لیکن ابھی تک اتر پردیش کی پولیس نے ہندو شرپسندوںکے خلا ف کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔پولیس نے 40سے50 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے لیکن کسی کو گرفتار نہیں کیا گیاہے۔