بھارت امن کا سب سے بڑا دشمن‘ دہشت گرد قرار دیا جائے: گورنر
لاہور (کلچرل رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے بھارتی سازشوں کے خلاف پاکستانی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو متحد ہونا ہوگا۔ پی ڈی ایم بھی سیاسی اور ذاتی نہیں ملکی مفادات کو تر جیح دے۔ نریندر مودی سے پاکستان میں استحکام اور ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ جمعہ کے روز گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ بھارت کی خطے میں بدامنی پھیلانے کی ہر روز ایک نئی سازش اور کوششیں بے نقاب ہو رہی ہیں۔ افغان امن عمل کو سبوتاژکرنے کے مشن میں بھارت کی گریٹ ڈبل گیم کا انکشاف بھی نر یندر مودی اور بھارت کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے بھارت کی دہشت گردی اور دہشت گردوں کو سپورٹ کر نے جیسے جرائم پر خاموشی اختیار کر نے کی بجائے بھارت کو روکیں کیونکہ خطے میں بھارت امن کا سب سے بڑا دشمن اور دہشت گردوں کا سہولت کار ہے۔بھارت کشمیر میں داعش اور دیگر دہشت گردوں کو کشمیریوں کے خلاف استعمال کر نے کی سازش کر رہا ہے انشاء اللہ بھارت کے تمام عزائم ناکام ہوں گے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا بھارت جب بھی کوئی شرارت کرے گا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا بھارت کو کل نہیں آج ہی دہشت گرد ملک قرار دینے کاوقت آچکا ہے۔ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر بھارت کو دہشت گر د ملک قرار دے۔