سرگودھا: سابق ایس ایچ او کی مہندی میں فائرنگ‘ شراب و کباب‘ تھانیدار لائن حاضر
سرگودھا (نامہ نگار) سرگودھا کے قصبہ بھاگٹانوالہ میں سابق ایس ایچ او سب انسپکٹر پولیس کی تقریب مہندی میں شراب و کباب کی محفل کے ساتھ رات بھر اندھا دھند ہوائی فائرنگ سے علاقہ میں خوف و ہراس رہا۔ ڈی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے علاقہ کے ایس ایچ او کو لائن حاضر کر دیا۔ نامزد ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ پولیس کے سب انسپکٹر سابق ایس ایچ او تھانہ مڈھ رانجھا حسنین علی طارق پولیس لائنز سرگودھا میں تعینات ہے۔ جس کی شادی کے حوالہ سے مہندی کی تقریب قصبہ بھاگٹانوالہ کی گلشن اقبال کالونی میں منعقد ہوئی۔ جس میں اس کے جدید اسلحہ سے مسلح ساتھیوں اور دوستوں نے رات بھر ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ گولیوں کی بوچھاڑ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ جبکہ مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کرنے والے مسلح مہمان شراب کے نشہ میں دھت بتلائے جا رہے ہیں۔ ہوائی فائرنگ کی ویڈیو پر حکام نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈی پی او سرگودھا ذوالفقار احمد نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا اور ایس ڈی پی او صدر سرکل سے رپورٹ طلب کر لی۔ ڈی پی او کے حکم پر تھانہ بھاگٹانوالا نے 6 نامزد ملزمان محمد شعیب‘ عمران‘ اسماعیل اسحاق‘ فیصل‘ شاہنواز اور 3 نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان کو گرفتارکر لیا ہے۔