• news

پتوکی لڑکے‘ گکھڑ منڈی‘ جڑانوالہ بچوں  سرگودھا‘ حافظ آباد میں خواتین سے زیادتی

پتوکی‘ جڑانوالہ‘ سرگودھا‘ حافظ آباد‘ گکھڑ منڈی (علاقائی نمائندوں سے) پتوکی میں ریکارڈ یافتہ کریمنل نے 17 سالہ لڑکے کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ جڑانوالہ میں کمسن لڑکے سے درندگی کا واقعہ سامنے آیا۔ سرگودھا اور حافظ آباد میں گھر گھس کر 2 شادی شدہ خواتین کو بے آبرو کر دیا گیا۔ گکھڑ منڈی میں بھی 12 سالہ بچے سے درندگی کی گئی۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق اوباش نے کمسن بچے کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ سٹی کے نواحی علاقہ حسین نگر کے رہائشی محنت کش نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ میرے کمسن بیٹے کو ملزم آفتاب نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ پتوکی سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پتوکی تھانہ سٹی کی حدود میں درندہ صفت فیصل اور ساتھیوں نے 17 سالہ لڑکے کو اغوا کر کے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ فیصل نامی ملزم کے خلاف پہلے ہی مختلف تھانوں میں مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ گزشتہ روز ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ زخمی لڑکے کو ہلہ چوک بائی پاس پر پھینک گیا۔ لڑکے کے والد کی مدعیت میں تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق بسم اﷲ پارک کے رہائشی نے تھانہ فیکٹری ایریا کو بتایا کہ اس کی بیوی گھر میں اکیلی تھی نوجوان امبریز نے زبردستی زیادتی کی اور فرار ہو گیا۔ درخواست پر مقدمہ درج کر کے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے ملزم امبریز کو 24 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق نواحی گائوں قلعہ بلونت سنگھ کے رہائشی نے پولیس تھانہ کسوکی میں رپورٹ درج کرائی ہے کہ وہ گھر پر نہ تھا۔ عمر عرف عمری گھر داخل ہو گیا اور میری بیوی کے ساتھ زبردستی زیادتی کر کے بھاگ گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔گکھڑمنڈی سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ کینٹ کے علامہ اقبال ٹائون راہوالی میں اوباش نعمان نے 12سالہ لڑکے سے زیادتی کر ڈالی۔ بچے کی چیخ و پکار سن کر والد پہنچا تو ملزم فرار ہو گیا جسے پولیس نے تھوڑی دیر بعد گرفتار کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن