یونیئنز ساتھ دیں‘ ریلوے میں 6 ماہ کے اندر بہتری لاکر دکھاؤں گا: اعظم سواتی
لاہور (کامرس رپورٹر) ریلوے کو بہتر کرنے میں میرا ساتھ دیں چھ مہینے میں اسی رولنگ سٹاک سے بہتری لاکر دکھائوں گا۔ اچھے کام پر مزدوروں کو انعام دوں گا۔ ملازمین کا اوور ٹائم ختم نہیں کیا بغیر کام کے کوئی اوور ٹائم نہیں دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر ریلویز محمد اعظم خان سواتی نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز ریل مزدور اتحاد کے مرکزی صدر عنایت علی گجر، پریم یونین کے مرکزی صدر حافظ سلیمان بٹ اور پاکستان لیبر فیڈریشن یونین کے سیکرٹری جنرل حاجی سعید آرائیں کی قیادت میں وفود سے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ملاقات میں کیا ہے۔ یونینز وفود میں شامل عہدیداروں نے وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی کو ریلوے ملازمین کے مسائل اور ریلوے کے نظام کو بہتر اور منافع بخش بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر وزیر ریلویز محمد اعظم خان سواتی نے یونینز وفود کو ریلوے ملازمین کے جائز مطالبات اور مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بنیادی ذمہ داری ٹرین آپریشن چلانا ہے جس پر پوری توجہ دے رہے ہیں۔ محکمہ کی بہتری اور منافع بخش بنانے کے حوالے سے جو بھی تجاویز ہوں گی ان پر ضرور غور کیا جائے گا۔ اب ریلوے میں سیاست نہیں ہو گی بلکہ خدمت ہو گی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے ریلوے کے شعبہ کیٹرنگ کے ٹھیکیداروں سے ملاقات کی مطالبات اور شکایات سنیں اور ازالہ کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر ریلوے نے کہا ایسا سسٹم لا رہا ہوں جس میںشکایات کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے گا۔ بعدازاں وفاقی وزیر نے رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کا دورہ کیا۔ کلب کی انتظامیہ نے تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر دیگر افسران بھی موجود تھے۔