• news

نام نہاذ بھارتی یوم جمہوریہ کی آمد پر محاصروں،تلاشی کاروائیوں میں تیزی ،فوج کا24گھنٹے گشت

 سری نگر(کے پی آئی) نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ 26جنوری کی آمد سے قبل ہی مقبوضہ کشمیر بھر میں بھارتی فوج نے محاصروںتلاشیوں کا سلسلہ  تیز کردیا ہے جبکہ سیکورٹی کو سخت کر دیا ہے ۔ 26 جنوری قریب آتے وادی میں فورسز کے ساتھ ساتھ فوج کو بھی متحرک کردیا گیا ہے سرینگر جموں شاہراہ پر دن رات فوج  کا گشت شروع کر دیا گیا ہے۔ اہم شاہراہ پر فورسز نے عارضی چوکیاں قائم کرکے سرینگر کی طرف آنے والی مسافر گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے۔ 26جنوری کی تقریبات قریب آنے کے ساتھ ہی پورے شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جنوبی اضلاع کولگام،پلوامہ اور شوپیاں میں فوج اور فورسز کو دن رات متحرک رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس  (ع ) نے انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی  سنگین پامالیوں کا نوٹس  لیا جائے ۔ ترجمان حریت کانفرنس نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کے مرتکب افراد کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا  کیا جائے  انہیں قرار واقعی سزا دینی چاہئے۔بیان میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر میں ظلم وجبر پر مبنی پالیسیوں کے نتیجے میں صورتحال بدستور ابتر ہوتی جارہی ہے جبکہ عالمی برادری یہاں کی سنگین صورتحال کو کسی اور نقطہ نظر سے دیکھ رہی ہے جو حد درجہ افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔حریت کانفرنس نے گاو کدل سانحہ کی31 ویں برسی پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے گذشتہ 31برسوں سے کشمیریوں کے خلاف اور کشمیر میں ہونے والے متعدد سانحات پر روا رکھی گئی بے حسی کو تکلیف دہ اور بدقسمتی سے تعبیر کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ باز پرس اور احتساب سے بالا تر فورسز کو دیئے گئے بے انتہااختیارات اور کالے قوانین کے تحت جموں وکشمیر میں زیر حراست گمشدہ افراد کی بازیابی، بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کیخلاف پر امن مظاہروں اور احتجاج کے دوران یا پھر کریک ڈاون اور تلاشیوں کی کارروائیوں کے دوران 1لاکھ سے زیادہ نہتے شہریوں کوگولیوں اور پیلٹ گنوں سے ہلاک کیا گیا۔ بیان میں کہاگیا کہ نہتے شہریوں کو ماورائے عدالت مارا گیا اور ملوث افراد کیخلاف نہ تو باقاعدہ مقدمہ دائر کیا گیا اور نہ ہی انہیں عدالت اور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرکے انہیں سزا دی گئی البتہ عوامی غم و غصے کو دور کرنے کیلئے فوری طور پرانکوائریز کمیٹی بنانے کے محض اعلانات کئے گئے۔ سری نگر میں تاریخی مسجد دارالعلوم بلالیہ کو آتشزدگی سے نقصان پہنچا ہے ۔ گزشتہ روزلالبازار سرینگر میں نماز مغرب کے فورا بعد دارالعلوم بلالیہ مسجد میں آگ نمودار ہوئی۔ مقامی لوگوں آگ پر فوری طور پر قابو پا لیا۔ مسجد میں بجلی شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ تھی ۔آگ کی اس واردات میں مسجدکو جزوی نقصان پہنچا۔کشمیر ٹریڈ الائنس نے مقبوضہ کشمیر میں تیز رفتار انٹرنٹ فور جی کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے تیز رفتار4جی انٹرنیٹ سروسز کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے تجارت ، تعلیم،صحت اور میڈیا سرگرمیوں کی بحالی میں مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن