بھارتی کسانوں کا متنازعہ قوانین کیخلاف احتجاج جاری ،ٹریکٹر مارچ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل
نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں کسانوں کا احتجاج جاری ہے، مودی سرکار نے بڑے پیمانے پر مظاہروں کے خطرے کے باعث ہریانہ پولیس کی چھٹیاں منسوخ کر دیں، 26 جنوری کو دلی کی طرف ٹریکٹر مارچ کی تیاریاں بھی آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق کسانوں کے احتجاج نے مودی سرکار کے ہوش اڑا دیئے، خوف کا شکار حکومت نے ہریانہ پولیس کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔ دہلی جانے کے لیے ہریانہ، راجستھان اور پنجاب سمیت متعدد ریاستوں سے کاشتکاروں نے تیاریاں مکمل کرلیں۔کسانوں نے 26 جنوری کو بھارت کے نام نہاد یوم ِجمہوریہ پر ٹریکٹر مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ کسان رہنمائوں کا کہنا تھا کہ متنازعہ قوانین کو کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کو ٹف ٹائم دینے کے پوری تیاریاں کر لی گئی ہیں، تحریک کے جھنڈوں کی بھی بڑے پیمانے پر تیاری جاری ہے۔بھارتی کسان 26 نومبر سے مسلسل متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔