پی ڈی ایم کا ٹولہ قابل رحم‘ گھر کا رہا نہ گھاٹ کا: فردوس عاشق
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم والوںکے لطیفے بھی پھیکے پڑچکے ہیں۔ ان کے استعفوں کی خالی پٹاری انہی کا منہ چڑھا رہی ہے۔ لانگ مارچ کا شوشہ بھی ان کے گلے کا طوق بن چکا ہے۔ یہ قابل رحم ٹولہ گھر کا رہا ہے نہ گھاٹ کا۔ راجکماری، شہزادہ اورمولانا فلاپ شو کر کے خود کو فریب دے رہے ہیں۔ پی ڈی ایم کی اجڑی ہوئی بستی اپنی داستان خود بیان کر رہی ہے۔ ملک کے بدنام زمانہ راہزن اقتدار کی ہوس میں اندھے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی ترجمانی نڈر اور جرأتمند لیڈر عمران خان کر رہا ہے اور پنجاب میں دیانتدار اور عوامی وزیر اعلی عثمان بزدار موجود ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی عثمان بزدار کے سامنے یہ ٹولہ کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔