• news

پلوامہ حملہ بی جے پی کی سیاسی منصوبہ بندی ، شیوسینا نے بھی بھانڈا پھوڑ دیا

اسلام آباد ( عبداللہ شاد - خبر نگار خصوصی) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں برسراقتدار شیو سینا نے بھی بھانڈا پھوڑتے ہوئے انکشاف کیا۔ پلوامہ واقعہ ارنب گوسوامی کے فسادی ذہن کی پیداوار تھا، اس نے نریندر مودی کو مشورہ دیا کہ اگر انھوں نے 2019 کے بھارت کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو انھیں کوئی ایسا واقعہ کرانا پڑے گا جس سے وہ بھارتی عوام کی ہمدردیاں سمیٹ سکیں۔ شیو سینا کے ترجمان ہندی اخبار سامنا کے اداریے میں لکھا گیا ہے کہ ’پلوامہ حملہ بی جے پی کی سیاسی منصوبہ بندی کا نتیجہ تھا، اس کا منصوبہ ارنب گوسوامی کے فسادی ذہن میں آیا جس میں بعد ازاں بھارتی وزارت عظمیٰ اور انٹیلی جنس اداروں کے پانچ عہدیداران بھی شامل ہو گئے۔ شیو سینا نے یہ سوال بھی کیا ہے کہ بی جے پی کارندے ایک من گھڑت فلمی کہانی ’’تانڈو‘‘ پر شور مچا رہے ہیں مگر ارنب گوسوامی کی واٹس ایپ چیٹ کے بارے میںکوئی سوال نہیں کھڑا کیا جا رہا۔ علاوہ ازیں کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے کہا کہ ’’دوسروں میں حب الوطنی اور نیشنل ازم کا سرٹیفیکیٹ بانٹنے والے خود بے نقاب ہو گئے‘‘۔ دوسری جانب بھارت میں بابری مسجد کی جگہ رام مندرکے قیام کا متنازعہ فیصلہ دینے والے سابق چیف جسٹس رنجن گگوئی کو ’’ وی آئی پی پرسن ‘‘ قرار دیتے ہوئے زیڈ پلس سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔ یہ سکیورٹی ان کے گھر پر بھی تعینات رہے گی، مودی سرکار کے اس فیصلے پر بھارت کے طول و عرض میں شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن