• news

کرونا : مزید 36اموات ، پاکستان نے 12لاکھ سائنو ویکسین آرڈر کردی

اسلام آباد، جنیوا  (خصوصی نمائندہ+نوائے وقت رپورٹ+ شنہوا) کرونا وائرس کے پاکستان میں مزید ایک ہزار 927 کیسز رپورٹ جبکہ 36 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، مجموعی اموات 11 ہزار 247 ہو گئیں۔ مزید ایک ہزار 737 مریض شفایاب، مجموعی 91.3 فیصد، 4 لاکھ 84 ہزار 508 صحتیاب ہوئے۔ ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 30 ہزار 818 ہوچکی، اب ملک میں 35 ہزار 63 فعال کیسز ہیں۔ صوبہ سندھ میں مزید 635 کیسز، 13مریضوں کا انتقال، مجموعی تعداد 3 ہزار 888 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب میں 767 نئے کیسز، مزید 14 کا انتقال، مجموعی تعداد 4 ہزار 537 ہوگئی۔ صوبہ خیبرپی کے میں مزید 294 متاثر، 3 مریضوں کا انتقال ہوا، تعداد ایک ہزار 826 پر جاپہنچی۔ صوبہ بلوچستان میں 19کیسز، اموات192 پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں مزید 81 کیسز، مزید 2 مریضوں کا انتقال، مجموعی تعداد 463 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں مزید 17 متاثر، 4 مریض انتقال کرگئے، تعداد 252 تک جاپہنچی۔ گلگت بلتستان میں وبا کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا اموات بھی 102 پر برقرار ہیں۔ چینی کمپنی کین سائنو کی پاکستان کو 2 کروڑ کرونا ویکسین فراہم کرنے کی پیش کش کر دی۔ دوسری جانب سائنو فارم کی پاکستان کو ویکسین کی فراہمی 31 جنوری سے شروع ہو جائے گی، یہ ویکسین صرف ایک بار لگائی جائے گی۔ دوسری جانب چینی کمپنی سائنو فارم کی پاکستان کو ویکسین کی فراہمی 31 جنوری سے شروع ہو جائے گی۔ بلوم برگ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سائنو فارم کو 12 الکھ کرونا ویکسین کا آرڈر دیا ہے۔ فیصل آباد میں کرونا کے حملے شدت اختیار کر گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 12 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 19 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کر دی گئی۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ممبر صوبائی اسمبلی پی پی 235 نواب علی رضا خان خاکوانی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ رپورٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ سنٹر لاہور منتقل کر دیا گیا۔ ملک میں رواں ماہ تین ڈاکٹر پیرا میڈیکل سٹاف کے 6 ارکان بھی کرونا سے جاں بحق ہوئے۔900 فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کرونا میں مبتلا ہوئے۔ زمبابوے کے وزیر ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ جوئل مطیزہ نوول کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ وائرس کے باعث مرنیوالے تیسرے اور مارچ 2020 میں ملک میں وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد مرنیوالے چوتھے حکومتی وزیر ہیں۔ اس سے قبل 15 جنوری کو مانیکا لینڈ کے وزیر مملکت برائے صوبائی امور ایلن گوارڈزیمبا وائرس کے باعث چل بسے تھے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریاسس نے کہا ہے کہ  اقوام متحدہ کی ایجنسی کی کوویکسین اسکیم کے ذریعے امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمن دوا ساز کمپنی بائیو این ٹیک کے ساتھ غریب ملکوں کے لیے چالیس ملین ویکسین فراہم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ جنیوا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیڈروس نے بتایا کہ نئے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ویکسین میں امریکا کی شمولیت کے فیصلے کا مطلب ہے کہ عالمی ادارہ اپنے وعدے کو پورا کرنے کے قریب ہے۔ افغانستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 36 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 54 ہزار 595 سے تجاوز کر گئی ہے۔ مجموعی طور پر 2 ہزار 378 اموات ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن