وزیراعظم قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحالی پرکام کریں،اسلام آبادہائیکورٹ
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ خیبر پی کے حکومت کے ساتھ مل کر قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی کا معاملہ حل کریں۔قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے، چیف جسٹس اطہر من اللہ کی جانب سے 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کے بعد انٹرنیٹ تک رسائی بنیادی آئینی حقوق میں شامل ہے، قبائلی علاقوں کے لوگوں نے بہت کچھ سہہ لیا، دہائیوں تک انہیں نظر انداز کیا گیا ، اب وہاں کے نوجوانوں کو آئینی حقوق سے مزید محروم نہیں رکھا جا سکتا۔عدالت نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر معاملہ حل کریں، فیصلے کی کاپی سیکرٹری داخلہ وفاقی کابینہ کو پیش کریں، امید ہے کابینہ ضروری اقدامات لے گی، قبائلی علاقوں کے عوام کو بنیادی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، امن و امان کی خراب صورتحال اور سکیورٹی کے نام پر قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ بند رکھا گیا، عوام اور مسلح افواج کی قربانیوں سے اب امن و امان بحال ہو چکا، قبائلی علاقوں میں ریاست کی رِٹ بحال ہوئی، فاٹا اب خیبر پختونخوا کا حصہ ہے۔