مذہبی منافرت والے لٹریچر کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ قانون شکنی برداشت نہیں : عثمان بزدار
لاہور(نیوزرپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وفاقی وزرا داخلہ شیخ رشید احمد اور پیر نورالحق قادری نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی و سیاسی امور اورامن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری کیلئے ہرممکن اقدام پر اتفاق کیا گیا اور مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ صوبے میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔وطن کی مٹی ہم سے یکجہتی اور یگانگت کا تقاضا کرتی ہے۔ نفاق کے بیج بونے والوں کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ قوم کو تقسیم کرنے کی ناپاک سازش کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی۔ قومی مفادات کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دینے والوں کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ معاشرے میں تحمل، برداشت اور میانہ روی کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔پاکستان کو اتحاد و اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔وزیراعلیٰ سے وزیر ریلویز اعظم خان سواتی نے بھی ملاقات کی، ریلویز اراضی پر قبضہ واگزار کرانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل، شجرکاری کے فروغ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعلیٰ نے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ریلویز حکام کے ساتھ مل کر اراضی واگزار کرانے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے گا۔ریلویز کو پنجاب پولیس کی پوری سپورٹ فراہم کریں گے اور ریلویز کی بنجر اراضی پر شجرکاری کیلئے بھی ہمارا تعاون آپ کے ساتھ ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر پر چل پڑا ہے۔عثمان بزدار سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت بھی ملے اور امن عامہ اور بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر بات چیت کی ملاقات میں صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ وزیر قانون نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔صوبے میں قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔کسی صورت قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ نیا بلدیاتی نظام نچلی سطح پر لوگوں کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنائے گا اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔ ترقی کا سفر نچلی سطح تک لے کر جائیں گے اور پنجاب کے ہر شہر اورگاؤں میں ترقی کا نیا دورشروع ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن نے اڑھائی برس احتجاج کیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوامی خدمت کی۔