فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت ہوگی: الیکشن کمشن
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کا اعلان کیا ہے، ترجمان الیکشن کمشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیس کی کھلی یا بند کمرے سماعت سے متعلق کنفیوژن تھی، الیکشن کمشن سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ جمع ہونیکے بعد فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کریگا، ترجمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی کھلی سماعت پر الجھا محسوس کیا جارہا ہے، سکروٹنی کمیٹی اجلاس فریقین کی موجودگی میں ہوتا ہے، کمیٹی کی کھلی سماعت نہیں ہوگی۔ فارن فنڈنگ کیس کی کھلی سماعت کے حوالے سے الیکشن کمشن نے ایک بار پھر وضاحت کر دی۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق فارن فنڈنگ کیس کی کھلی سماعت کے بارے میں الیکشن کمشن کا مؤقف پہلے ہی اعلامیہ کے ذریعے جاری کیا جا چکا ہے۔ تاہم فارن فنڈنگ کیس کی کھلی سماعت کے بارے میں الجھاؤ محسوس کیا جا رہا ہے۔ این این آئی کے مطابق ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق الیکشن کمشن نے کہاکہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کے حوالے سے کنفیوژن پیدا کی۔ فارن فنڈنگ سکروٹنی کمیٹی کے بارے میں اپنی سفارشات دے گی اس کے بعد الیکشن کمشن دونوں فریقین کے سامنے کھلی سماعت کرے گا۔ الیکشن کمشن نے واضح کیا فارن فنڈنگ سکروٹنی کمیٹی کی کارروائی ہمیشہ ان کیمرا ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمشن سے تحریک انصاف کے خلاف چلنے والے فارن فنڈنگ کیس کے جلد فیصلے کا مطالبہ کیا ہے اور اس سلسلے میں گزشتہ دنوں اپوزیشن کی جانب سے الیکشن کمشن کے دفتر کے ہیڈ آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔گزشتہ دنوں بھی ترجمان الیکشن کمشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا سکروٹنی کمیٹی کی طرف سے فارن فنڈنگ کیس پر کارروائی جا رہی ہے۔ یہ بہت ہی اہم اور حساس کیس ہے اور اس پر میرٹ پر فیصلہ قومی مفاد میں ہے۔ الیکشن کمشن دونوں اطراف کی بحث سننے کے بعد جلد میرٹ پر فیصلہ کرے گا اور ادارہ یقین دلاتا ہے کہ بغیر کسی خوف یا دباؤ کے میرٹ پر فیصلہ کریگا۔