پتوکی: دیرینہ رنجش پر مقامی صحافی قتل‘ ورثاء کا احتجاج
پتوکی‘ قصور (نمائندہ خصوصی + نمائندہ نوائے وقت) مخالفین کی اندھا دھند فائرنگ سے صحافی قتل‘ تفصیلات کے مطابق گزشتہ صبح مقامی صحافی غلام رسول موٹر سائیکل پر شہر سے واپس گھر جا رہے تھے کہ درینہ رنجش کی بناء پر ہلہ روڈ پر ان کے مخالفین اسد اﷲ‘ عثمان وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔ زخمی صحافی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد لاہور لیجایا جا رہا تھا وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ خبر ملتے ہی اہل علاقہ ورثا اور صحافی برادری نے ملتان روڈ بائی پاس بند کر کے زبردست احتجاج کیا جس سے سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او قصور عمران کشور دیگر حکام کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ جس پر مظاہرین نے سڑک سے رکاوٹیں ہٹا دیں۔ دریں اثناء مقامی صحافتی تنظیموں نے اپنے ہنگامی اجلاسوں میں غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان سے صحافیوں کے تحفظ کے لئے فوری مثبت اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔