مختلف شہروں میں دھند‘ کوئٹہ کراچی میں متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار
اسلام آباد + ساہیوال (نوائے وقت نیوز+این این آئی) ملک کے ختلف شہروں میں دھند کے باعث ٹرین آپریشن بھی متاثر، کوئٹہ اور کراچی سے آنے والی متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔ ریلوے انکوائری کے مطابق کراچی سے آنے والی قراقرم ایکسپریس، پاک بزنس ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔ علامہ اقبال ایکسپریس اڑھائی گھنٹے، عوام ایکسپریس دو گھنٹے پندرہ منٹ، کوئٹہ سے آنے والی جعفر ایکسپریس دو گھنٹے دس منٹ، شالیمار ایکسپریس اور خیبر میل دو دو گھنٹے اور تیزگام ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار رہی۔ دوسری جانب لاہور سے جانے والی متعدد ٹرینوں کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا۔ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں بارش ہوئی۔ پنجاب کے وسطی اور جنوبی میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔