• news

 اسامہ ستی کیس ، پولیس اہلکاروں کے جسمانی ریمانڈ میں 2 روزہ توسیع

 اسلام آباد(وقائع نگار)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر محمود خان کی عدالت نے اسامہ ستی کیس میں گرفتار پانچوں پولیس اہلکاروں کے جسمانی ریمانڈ میں دو روزہ توسیع کرتے ہوئے ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت پیش کرنے کا حکم دیدیا۔گذشتہ روز تھانہ رمنا پولیس نے گرفتار پولیس اہلکاروں مدثر اقبال، شکیل احمد، محمد مصطفی،  سعید احمداور افتخار احمد کوریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل کمپلیکس میں چھٹی ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ سلیمان بدرکی عدالت پیش کیاگیا، جہاں فاضل جج کی عدم موجودگی کے باعث ملزمان کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر محمود خان کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے استدعا کی گئی کہ خون کے نمونہ جات اور اسلحہ کی لیبارٹری رپورٹ کے علاوہ جے آئی ٹی کی رپورٹ بھی ابھی نہیں ملی، استدعا ہے کہ ریمانڈ میں توسیع کی جائے، جس پر عدالت نے ملزمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ہدایات کی کہ دو روزبعدملزمان کو انسداد دہشتگردی کی متعلقہ عدالت پیش کیاجائے۔قبل ازیں ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں ضلع کچہری لایاگیا جہاں موجود مقتول اسامہ ستی کے لواحقین نے پرامن احتجاج کیا۔

ای پیپر-دی نیشن