رائیونڈ: رشتہ سے انکار پر لڑکی اغوا 4 ماہ زیادتی‘ متاثرہ عدالت پہنچ گئی
لاہور، قصور،کوٹ رادھا کشن، بھوئے آصل،ملتان (اپنے نامہ نگار سے+ علاقائی نمائندوں سے+کرائم رپورٹر) کوٹ رادھا کشن میں 13سالہ لڑکی سے زیادتی کی گئی جبکہ رائے ونڈ روڈ کی رہائشی لڑکی کو رشتہ سے انکار پر اغوا کے بعد 4 ماہ تک اجتماعی آبرو ریزی کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ عدالت پہنچ گئی۔ ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کر دی گئی۔ لاہور سے اپنے نامہ نگار کے مطابق رشتے سے انکار پر 4 ماہ تک زیادتی کا شکار ہونے والی لڑکی انصاف کے لئے عدالت پہنچ گئی۔ رائے ونڈ روڈ کی رہائشی لڑکی کے مطابق ملزم نے اغوا کر کے چار ماہ تک اْسے زیادتی کرتے رہے۔ متاثرہ کی استدعا پر ایڈیشنل سیشن جج ذوالفقار علی نے ملزم عباس کی قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔ حنا بی بی کا کہنا تھا کہ ستمبر 2020ء میں ملزم عباس، شعیب، عامر اور شاہ میر نے مجھے اغوا کیا۔ لڑکی کے والد نے عدالت کے سامنے بیان دیا کہ ملزم عباس زبردستی حنا کا رشتہ مانگ رہا تھا۔ انکار پر میری بیٹی کو اغوا کر لیا۔ حنا بی بی نے عدالت میں بیان دیا کہ میں گھر سے بازار گئی، راستے میں ملزم عباس نے دیگر ملزموں کے ساتھ گن پوائنٹ پر مجھے اغوا کر لیا۔ ملزموں نے مجھے چار ماہ تک ایک نامعلوم جگہ پر قید رکھا اور زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ رائے ونڈ سٹی میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ کوٹ رادھا کشن سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق کوٹ رادھا کشن کے نواحی گاؤں بت کے رہائشی کی بارہ تیرہ سالہ بیٹی حویلی گھر جا رہی تھی کہ راستہ میں ملزم سجاد پکڑ کر اپنے گھر لے گیا اور اسے زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ بھوئے آصل سے نامہ نگار کے مطابق بچی کے قصور اور لوگوں کے آ جانے پر ملزم بچی کو برہنہ چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے میڈیکل کے بعد مقدمہ درج کر لیا ہے۔ملتان سے کرائم رپورٹر کے مطابق تھانہ گلگشت کے علاقہ کھوہ جھک والا میں 4 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے درندہ صفت ملزم وسیم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم نے باہر کھیلتی بچی کو چپس دینے کا جھانسہ دیکر گھر میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔