• news

منی لانڈرنگ میں ملوث بڑی مچھلیوں کیخلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں: چیئرمین نیب 

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چئیرمن جسٹس ر جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کے پاس بڑی مچھلیوں کی اربوں روپے کی منی لانڈرنگ  کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے متعلقہ احتساب عدالتوں میں قانون کے مطا بق بدعنوانی کے ریفرنس دائر کئے ہیں جو کہ زیر سماعت ہیں۔ اتوار کو یہاں سے جاری بیان میں انہوں نے کہا نیب میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پر عزم ہے۔ نیب اقوام متحدہ کے انسداد بد عنوانی کنونشن کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہے۔ پاکستان سارک اینٹی کرپشن فورم کا چئیرمین ہے۔نیب سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ عالمی اقتصادی فورم  ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، پلڈاٹ، مشال پاکستان نے نیب کی انسداد بدعنوانی کی کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 714ارب روپے قومی خزانے میں جمع کروائے۔ نیب نے احتساب عدالتوں میں 1243بدعنوانی کے ریفرنس دائر کر رکھے ہیں جن کی مجموعی مالیت 943ارب روپے ہے۔ نیب نے سینئیر سپروائزری سٹاف کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب افسران قانون کے مطابق عزم و ہمت سے کام کر رہے ہیں۔ فلودے والا، چھابڑی والے اور پاپڑ والے کے نام پر جعلی اکائونٹس کھول کر اور ٹی ٹی کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی۔ نیب وائٹ کالر میگاکرپشن کیسز کی تحقیقات کرتا ہے۔ ایسے کیسز کو نمٹانے کے لیے وقت چاہیے ہوتا ہے اور بعض کیسز کی بیرون ملک سے معلومات اکٹھا کرنا ہوتی ہے۔ چئیرمین نیب نے جاری آٹا اور چینی سیکنڈل کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔

ای پیپر-دی نیشن