• news

بھارتی کسانوں کا احتجاج جاری‘ فلم شوٹنگ رکوا دی‘ پکڑ دھکڑ تیز

نئی دہلی (انٹر نیشنل ڈیسک) بھارتی کسانوں نے ایک بار پھر بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار بونی کپور کی بیٹی جھانوی کپور کی فلم ’’گڈلک جیری‘‘ کی شوٹنگ رکوا دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کسانوں بھو پندرا روڈ پر جھانوی کپور کی فلم کے سیٹ پر آ پہنچے۔ مشتعل کسانوں نے فلم کے سیٹ پر پہنچ کر جھانوی کپور واپس جاؤ کے نعرے لگانا شروع کر دیئے جس کی وجہ سے فلم ’’گڈ لک جیری‘‘ کی شوٹنگ کو روک دیا گیا۔ جھانوی کپور فلم کی کاسٹ اور کریو سمیت واپس ہوٹل چلی گئیں۔ واضح رہے کہ بھارت میں کسان کئی ہفتوں سے کسان مخالف نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور سینکڑوں کسانوں نے نئی دہلی کے مختلف راستوں پر دھرنا دے رکھا ہے۔ مودی سرکار نے پکڑ دھکڑ تیز کر دی۔ مقصد کل نام نہاد یوم جمہوریہ پر احتجاج سے روکنا ہے۔
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے واویلا مچانا شروع کر دیا ہے کہ بھارتی حکومت کے خلاف کسانوں کے مارچ سے متعلق ٹویٹس پاکستان سے آرہے ہیں جس سے کنفیوژن پیدا ہو رہا ہے۔ بھارتی میڈیا نے نئی دہلی پولیس کے سینئر افسروں کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ کسان مارچ کے سلسلے میں 308 ٹویٹس پاکستان سے آئے ہیں۔ جن سے  کنفیوژن پیدا ہو رہا ہے۔ کل بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے روز کئی ماہ سے احتجاج کرنے والے کسان ٹریکٹر مارچ کرتے ہوئے دہلی میں داخل ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن