حکومت کو گھر بھیجنا بہت ضروری ، پی ڈی ایم تمام آپشنز آہستہ آہستہ استعمال کریگی: آصف زرداری
کراچی (نوائے وقت رپورٹ‘ وقائع نگار) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) متحد اور حکومت سے نجات کیلئے تمام آپشنز بتدریج استعمال کرے گی۔ یہ بات انہوں نے پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور کو ٹیلیفون کے دوران کی۔ سابق صدر کا کہنا تھا پی ڈی ایم متحد ہے اور حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک شدید خطرات میں ہے۔ حکمران کوئی بڑا بلنڈر کرسکتے ہیں۔ حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہوچکا ہے۔ اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔ اگلے چند مہینے ملکی سیاست کے مستقبل کیلئے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اب مزید کرونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کر دیے ہیں، میں نے پہلے ہی کہا تھا یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے۔ اب یہ گرچکے ہیں اور بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے۔ پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر پیپلزپارٹی اس ناکام اور نااہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔آصف علی زردای نے جوبائیڈن کو امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ آصف علی زرداری نے بیان میں کہا کہ امید ہے صدر جوبائیڈن کا انتخاب امریکی عوام کیلئے نئے سنہری دور کی ابتدا ہو گا۔