جنوبی پنجاب نظر انداز ہوا، کسان پیکج کا اعلان جلد ہوگا: عمران
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو نظرانداز کرکے لوگوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی مواقع نہیں دیئے گئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں معاون خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر، وہاڑی سے رکن قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی اور نور محمد خان بھابھا شامل تھے۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور کسانوں کیلئے خصوصی پیکیج پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اورنگزیب کھچی نے وزیرِ اعظم کو وہاڑی میں کیڈٹ کالج کے قیام کی تجویز پیش کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرکے لوگوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مساوی مواقع نہیں دیئے گئے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا مقصد ان اضلاع پر توجہ مرکوز کرکے ان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ وزیر اعظم نے مزیدکہا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کسانوں کیلئے خصوصی پیکج کی تجاویز تیار کر رہی ہے جس کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان سے دیر اور سوات سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے بھی ملاقات کی اور اپنے اپنے حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں پرہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والوں میں سلیم رحمان اور بشیر خان شامل تھے۔ ملاقات میں دیر میں امن و امان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ رکن قومی اسمبلی بشیر خان نے وزیر اعظم کو دیر میں زیر تعمیر ڈیمز میں مقامی آبادی کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار کے مواقع مہیا کرنے پر بریفنگ دی۔ اسکے علاوہ حلقے کے مسائل اور عوامی فلاح کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ سلیم رحمان نے وزیر اعظم کو سوات میں سیاحت کے فروغ اور اس سے مقامی لوگوں کی معاشی حالت پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات اور سوات میں تعلیم و صحت کے منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔