ان ہاؤس تبدیلی‘ اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس آج ہو گا
اسلام آباد(آئی این پی) اپوزیشن کے پارلیمانی رہنمائوں کا ان ہائوس تبدیلی کے معاملے پر اہم اجلاس آج ہو گا۔ جس میں وزیراعظم اور سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت ہوگی۔ دوسری جانب پارلیمنٹ کی سطح پرحکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطے جاری ہیں۔ پرویز خٹک کے اپوزیشن رہنمائوں کے ساتھ رابطے ہیں جبکہ پارلیمانی کارروائی پر حکومت اور اپوزیشن میں اختلاف برقرار ہے۔ ذرایع کے مطابق اپوزیشن نے اپنے مطالبات پر تحریری ضمانت طلب کرلی ہے۔ اس حوالے سے ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے برابر وقت طلب کرلیا، قومی اسمبلی کو ایڈوائزری کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق چلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ اپوزیشن نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر کا مطالبہ نہیں کیا، خورشیدشاہ اور خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈر کا بھی مطالبہ سامنے نہیں آیا۔ موقف اختیار کیا کہ معاہدے پر عمل نہ ہونے پر آئندہ قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے۔