کھوکھر برادران سے سیاسی انتقام لیا گیا‘ نشانہ بننے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ نیوز رپورٹر) نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایک قانون طاقتور کیلئے جو بنی گالہ کے ناجائز عمل کو قانونی بنا دیتا ہے۔ دوسرا قانون مخالفین کیلئے جس سے اپوزیشن کے گھر محفوظ نہیں۔ ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ نوازشریف سے وفا کے جرم میں (ن) لیگیوں کو انتقام کا نشانہ بننے والے سب ساتھیوں کو سلام ہے۔ ہر ظلم کا حساب ہوگا۔ کھوکھر برادران جماعت کا بڑا سرمایہ ہیں۔ ظلم و انتقام کا سامنا کیا مگر پیچھے ہٹے نہ ہی نوازشریف سے بے وفائی کی ہے۔ مریم اورنگزیب نے بھی سیف اﷲ کھوکھر کی املاک گرانے کی مذمت کی ہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے بنی گالا کا اپنا غیرقانونی محل بچا لیا۔ ملک سیف اﷲ کھوکھر کو نواز شریف اور شہباز شریف سے وفاداری کی سزا دی جا رہی ہے۔ عمران خان! نواز شریف کے ساتھیوں کو ڈرایا اور خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اسمبلی میں تعاون کی بھیک مانگتے ہیں اور دوسری طرف ہمارے گھر گراتے ہیں۔ لاہور میں کھوکھر برادران کے خلاف اراضی آپریشن کے بعد ردعمل میں کہا کہ جھوٹ بولا جارہا ہے کہ اراضی کھوکھر برادران کی نہیں۔ ریاستی غنڈہ گردی اور دادا گیری کی جارہی ہے، اس کا حساب دینا ہوگا۔ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ایک طرف قومی اسمبلی میں تعاون کی بھیک مانگتے ہیں اور دوسری طرف ہمارے گھر گراتے ہیں۔