• news

کراچی ٹیسٹ: 17 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان،دونوں ٹیموں کی نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس

لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے سترہ رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ بیس رکنی ابتدائی سکواڈ میں شامل باقی تینوں عبداﷲ شفیق، کامران غلام اور سلمان علی آغا قومی سکواڈ کے ہمراہ ہی نیشنل سٹیڈیم میں ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26 جنوری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہیڈ کوچ مصباح الحق کی مشاورت سے میچ کیلئے پلیئنگ الیون کا انتخاب کریں گے۔ پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے اعلان کردہ 17 رکنی سکواڈ میں اوپنرز میں عابد علی اور عمران بٹ‘ مڈل آرڈر بیٹسمینوں میں اظہر علی، بابر اعظم (کپتان)، فواد عالم اور سعود شکیل شامل ہیں۔ آل راؤنڈرزمیں فہیم اشرف اور محمد نواز‘ وکٹ کیپرز میں محمد رضوان (نائب کپتان) اور سرفراز احمد‘ سپنرز میں نعمان علی، ساجد خان اور یاسر شاہ جبکہ فاسٹ باؤلرز میں حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان شامل ہیں۔ تابش خان، سعود شکیل، حارث روف، ساجد خان، نعمان علی کو پہلے ٹیسٹ کیلئے دستے میں شامل کیا گیا ہے جس کے بعد ان تمام پلیئرز کی کراچی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے کی امیدیں اور بڑھ گئی ہیں۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کا پریکٹس سیشن جاری ہے، دونوں ٹیمیں کل منگل سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کیلئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔لیگ سپنر یاسر شاہ کی ثقلین مشتاق کی نگرانی میں ٹریننگ چل رہی ہے تو دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نئی گیند سے بائولنگ پریکٹس کر رہے ہیں۔وکٹ کیپر محمد رضوان اور سرفراز احمدنے ایک دوسرے کو ایجز پر کیچ کی پریکٹس کروائی جبکہ اظہر علی کی نیٹس پر نئی گیند سے بیٹنگ پریکٹس بھی جاری رہی۔

ای پیپر-دی نیشن