مزل حسین پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے چیئرمین ‘خالد محمود صدر منتخب
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے جنرل کونسل اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین چیئرمین، حاجی خالد محمود صدر اور ناصر اعجاز تنگ سیکرٹری جنرل کے عہدہ پر بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ اجلاس میں چاروں صوبوں، آرمی، نیوی، ائرفورس سمیت ڈیپارٹمنٹس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے الیکشن کمیشن نے نئے عہدیداران کے چناو کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ واپڈا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے چیئرمین‘حاجی خالد محمود صدر، محمد اصغر ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ۔ کیپٹن سید اسد علی نیوی، ائرکموڈور ندیم اجمل خان اور محمد صادق نائب صدور، بیگم عشرف اشرف اور شہناز کمال لیڈی نائب صدور، لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد ناصر اعجاز تنگ سیکرٹری جنرل، محمد زعیم نثار چوہدری خزانچی، کرنل نبیل احمد رانا ایسوسی ایٹ سیکرٹری، سمیرا ستار لیڈی ایسوسی ایٹ سیکرٹری جبکہ 8 رکنی ایگزیکٹو ممبران میں محمد اعجاز، سید حفیظ الرحمان آغا، کمال خان، عبدالرزاق، فریحہ فاروق، عاصمہ اکرام، عابدہ چنگیز اور زاہدہ خاتون قریشی شامل ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین کا کہنا تھا کہ ایک فرض سمجھتے ہوئے یہ ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ بہت بڑا چیلنج ہے۔ کئی سال سے سپورٹس کی جو تنزلی ہوئی ہے اس کا حکومت کو بھی ادراک ہے۔ میرٹ پر نوجوان باکسرز کو آگے لایا جائے۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ، یوتھ کو آگے لائیں اور سکالر شپ دیں۔ کھلاڑیوں کو ٹریننگ سہولیات ملیں خاص طور پر کوچنگ کا شعبہ ہے۔ آئیبا، پی او اے، پاکستان سپورٹس بورڈ کے رولز پر عمل کر کے باکسنگ کو ترقی دینا ہے۔