وفاق میں اتحادی متحدہ کراچی کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے مدمقابل
کراچی(نوائے وقت رپورٹ) ایم کیوایم نے ملیر کے حلقہ پی ایس 88 کے ضمنی الیکشن میں اپنا امیدوار دستبردار کرانے سے انکار کردیا۔ نمائندے کے مطابق کراچی میں ملیر کی نشست پر ضمنی انتخاب ہونے والے ہیں اور اس حلقے میں حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم اور تحریک انصاف ایک دوسرے کیآمنے سامنے ہوگئے ہیں،۔کیوں کہ ایم کیوایم نے پی ایس 88 ملیر کی نشست پر پی ٹی آئی کے مدمقابل الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور ایم کیوایم ملیر ضمنی الیکشن میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز آج سے کررہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے ایم کیوایم سے اپنے امیدوار کو دستبردار کرانے کی درخواست کی تھی، تاہم ایم کیوایم نے ضمنی الیکشن میں اپنا امیدوار دستبردار کرانے سے انکار کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا ہے کہ ہمارا اتحاد مرکز میں ہے امیدوار دستبردار نہیں کرائیں گے اور پی ٹی آئی نے بھی ہمارے مدمقابل کراچی ضمنی الیکشن میں امیدوار کھڑا کیا تھا۔